بھٹکل 28 اپریل (ایس او نیوز) جے ڈی ایس ورکر ایس ایم امجد جنہوں نے جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر بھٹکل اسمبلی حلقہ کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کی تھی اور آخری دن پرچہ واپس لیا تھا، آج خبر دی ہے کہ انہوں نے تنظیم انتظامیہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم امجد نے بتایا کہ وہ کافی عرصہ سے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل میں انتظامیہ ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، ان کے مطابق آنے والے اسمبلی انتخابات میں تنظیم نے ابھی تک کسی بھی پارٹی کے حق میں فیصلہ نہیں کیا ہے اسی مناسبت سے انہیں توقع تھی کہ تنظیم ان کے حق میں بھی فیصلہ کرسکتی ہے، مگرپرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد تنظیم کے ذمہ داران کی جانب سے ان پر پرچہ واپس لینے کے لئے دباؤ ڈالاگیا اور بعد میں محترم قاضی صاحبان کی درخواست پر انہیں پرچہ واپس لینے پر مجبور ہونا پڑا۔
ایس ایم امجد نے بتایا کہ اب انہوں نے تنظیم کی انتظامیہ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور تمام ذمہ داریوں سے دستبردار ہوگئے ہیں، ایسے میں وہ اب آئندہ جے ڈی ایس پارٹی کی حمایت میں کام کریں گے اور کل اتوار کو جے ڈی ایس کے لیڈران بالخصوص دیوے گوڈا سمیت فاروق باوا اور دیگر لیڈران بھٹکل تشریف لارہے ہیں تو اُن کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طئے کریں گے۔